
صحافت کی ڈگری کے بعد خواتین عملی میدان سے دور کیوں ہو رہی ہیں؟
تحریر ، صائمہ اشرف ، مظفر آباد
خاندانی دباؤ، کم معاوضہ، محدود ملازمتیں، غیر محفوظ ماحول آزاد کشمیر میں خواتین کی صحافتی راہ میں رکاوٹ
آزاد کشمیر کے نجی ڈیجیٹل نیوز چینل سے وابستہ فیلڈ رپورٹر مریم اعوان کو صحافت کا شوق بچپن سے تھا۔ لوگوں کے انٹرویوز کرنا اور ان کے مسائل سامنے لانا ان کی دلچسپی کا بنیادی سبب تھا۔ اسی شوق کے تحت انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں داخلہ لیا اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد صحافت کے شعبے سے وابستہ ہو گئیں۔
تاہم عملی صحافت میں قدم رکھنے کے بعد انہیں ایسے تجربات کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے ایک وقت میں انہیں یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ آیا اس شعبے میں کام جاری رکھنا چاہیے یا نہیں۔
مریم اعوان کے مطابق آزاد کشمیر کی سیاسی صورت حال میں مختلف فریقوں کے درمیان کشیدگی کے دوران صحافیوں کو دھمکیوں اور سوشل میڈیا پر الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات خبر کے لیے انٹرویو دینے والے افراد بھی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ دو سے تین اہم خبریں بریک کرنے کے بعد انہیں دھمکیاں دی گئیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ایک سرکاری ادارے کے افسر نے انہیں جان سے مارنے اور رپورٹنگ چھوڑنے کی دھمکی دی۔
اے آئی تصاویر نے ذہنی اذیت پہنچائی
مریم کے مطابق سوشل میڈیا پر پیش آنے والے ایک واقعے نے انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔ ایک نوجوان سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ نے ابتدا میں ایکشن کمیٹی کی تحریک کی کوریج کی تھی۔ بعد میں اس نوجوان نے ریاستی اداروں کے حق میں ہونے والی سرگرمیوں کی بھی کوریج شروع کر دی۔
مریم کے بقول مذکورہ نوجوان ان کے نیوز چینل پر انٹرویو کے لیے آیا۔ ادارے کی جانب سے دیے گئے سوالات کی بنیاد پر انہوں نے اس کا انٹرویو کیا اور خبر بھی نشر کی۔
ان کا کہنا ہے کہ چند روز بعد ان کی اور اس نوجوان کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر شائع کیا گیا۔
وہ کہتی ہیں کہ خاندان اور رشتے داروں کی موجودگی میں اس نوعیت کا مواد سامنے آنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا سے مایوسی محسوس کی اور کئی مرتبہ صحافت چھوڑنے کا بھی سوچا۔
مریم اعوان کے مطابق اس معاملے میں کوئی باضابطہ قانونی کارروائی نہیں ہوئی اور معافی تلافی کے بعد معاملہ ختم ہو گیا۔
مریم کہتی ہیں سینئر صحافیوں نے حوصلہ دیا اور کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ اب وہ دوبارہ اسی جذبے کے ساتھ صحافت کر رہی ہیں۔
مریم اعوان کے والد حیات نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ان کے بڑے بھائی نے صحافت کے مشکل اور خطرات سے بھرپور شعبے کے بارے میں خبردار کیا تھا لیکن اس کے باوجود ان کے فیصلے کی حمایت کی۔ مختلف میڈیا اداروں میں کام کے دوران مالکان اور ساتھیوں نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی۔
جنت حیا نے صحافت کیوں چھوڑی؟
صحافت سے دور ہونے والی ہر خاتون کی کہانی ایک جیسی نہیں۔ بعض خواتین کو خاندانی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے جبکہ بعض کے لیے ملازمت کے محدود مواقع اور پیشہ ورانہ ماحول زیادہ بڑا مسئلہ بنتے ہیں۔
جنت حیا نے صحافت میں کیریئر بنانے کے لیے اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی وژن کے ہیڈکوارٹرز میں انٹرن شپ کی۔ بعد میں انہوں نے ملازمت حاصل کرنے کی کوشش بھی کی۔
جنت کے مطابق ملازمت کی کوششوں کے دوران انہیں بعض افراد کے ایسے رویوں کا سامنا کرنا پڑا جو ان کے نزدیک پیشہ ورانہ ماحول کے تقاضوں کے مطابق نہیں تھے۔ ان تجربات اور محدود مواقع نے انہیں مایوس کیا۔
وہ واضح کرتی ہیں کہ انہوں نے خاندانی دباؤ کی وجہ سے صحافت نہیں چھوڑی بلکہ اس شعبے میں ملازمت کے مواقع کی کمی اور ناخوشگوار تجربات نے ان کے فیصلے پر اثر ڈالا۔
جنت حیا اب سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اس سے قبل وہ دو سال تک انسانی وسائل یعنی ایچ آر کے شعبے میں بھی کام کر چکی ہیں۔
ان کے تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کی صحافت میں شمولیت کا مسئلہ صرف خاندانی اور سماجی رکاوٹوں تک محدود نہیں بلکہ ملازمت کے مواقع اور اداروں میں پیشہ ورانہ رویے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پریس کلب میں خواتین کی محدود نمائندگی
خواتین صحافیوں کی پیشہ ورانہ شمولیت کا جائزہ لینے کے لیے پریس کلبوں میں ان کی نمائندگی کو دیکھنا بھی ضروری ہے۔
صدر پریس کلب مظفرآباد سہیل مغل کے مطابق پریس کلب میں تین خواتین باقاعدہ رکن ہیں جبکہ تقریباً دس خواتین اعزازی رکنیت رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین صحافیوں کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ پریس کلب کی سرگرمیوں اور فیصلہ سازی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
سہیل مغل کے مطابق خواتین کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کی تجاویز کی روشنی میں بہتری کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین صحافیوں سے براہ راست مشاورت ہونی چاہیے اور شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام فراہم کرنا ضروری ہے۔
خواتین صحافیوں کے تحفظ کے لیے حکومتی پالیسی کی ضرورت
سابق وزیر حکومت پروفیسر تقدیس گیالنی کے مطابق خواتین کو ہراسانی اور امتیازی رویوں کا سامنا صرف صحافت میں نہیں بلکہ مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں بھی کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر بھی اس صورت حال سے مستثنیٰ نہیں۔
وہ کہتی ہیں کہ خواتین اکثر خاندانی اور معاشرتی دباؤ کے باعث اپنے ساتھ ہونے والی ہراسانی کے واقعات سامنے نہیں لاتیں کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ شکایت کرنے سے ان کی بدنامی ہوگی اور انصاف بھی نہیں ملے گا۔
پروفیسر تقدیس گیالنی کے مطابق خواتین صحافیوں کو خاص طور پر کردار کشی اور سوشل میڈیا پر منفی مہمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے بقول ایک خاتون صحافی اگر کسی مسئلے پر رپورٹنگ کرتی ہے تو بعض اوقات اس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے بجائے اس کے کردار کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین صحافیوں کو مردوں کے مقابلے میں مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آزاد کشمیر کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فیلڈ رپورٹنگ اور دور دراز مقامات تک رسائی بھی خواتین کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے۔
پروفیسر تقدیس گیالنی کے مطابق خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر قواعد اور پالیسی بنانا ضروری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ خواتین صحافیوں سمیت تمام پیشہ ور خواتین کو ایسا ماحول فراہم کرے جہاں وہ بلاخوف اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔
وہ کہتی ہیں کہ ہراسانی کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور متعلقہ محکموں اور ہیلپ لائنز کی کارکردگی کا بھی جائزہ ہونا چاہیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ایک سال میں کتنی شکایات موصول ہوئیں، کتنے معاملات حل ہوئے اور متاثرہ خواتین کو انصاف ملا یا نہیں۔
ان کے مطابق خواتین کو تھانوں، پولیس، کچہریوں اور سرکاری دفاتر تک رسائی میں سہولت فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ خواتین اگر کسی سرکاری دفتر سے معلومات حاصل کرنا چاہیں تو انہیں پیشہ ورانہ بنیادوں پر تعاون ملنا چاہیے۔
پروفیسر تقدیس گیالنی کا کہنا ہے کہ سول سوسائٹی اور حکومت دونوں کو مل کر ایسا نظام بنانا چاہیے جس میں خواتین اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف بلاخوف آواز اٹھا سکیں۔
صحافت کی تعلیم میں بھی خواتین کی کم تعداد
یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کی لیکچرر نوشین منہاس کے مطابق صحافت میں طالبات کی تعداد لڑکوں کے مقابلے میں کم ہے۔ ڈگری حاصل کرنے والی متعدد طالبات بعد میں دوسرے شعبوں کا رخ کر لیتی ہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے متعلقہ شعبے سے 22 طالبات فارغ التحصیل ہو چکی ہیں جبکہ 18 زیر تعلیم ہیں۔ صحافت کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کی تعداد چار بتائی گئی ہے۔
نوشین منہاس کا کہنا ہے کہ فیلڈ رپورٹنگ کے لیے دور دراز علاقوں میں جانا اور رات کی ڈیوٹی کرنا کئی طالبات کے لیے مشکل بن جاتا ہے۔ بعض خاندان اس نوعیت کی ملازمت کی اجازت نہیں دیتے۔ دوسری جانب میڈیا اداروں میں خواتین کے لیے سازگار ماحول اور ترقی کے مواقع بھی محدود ہیں۔
نوشین منہاس کے مطابق کچھ طالبات پبلک ریلیشنز اور تدریس جیسے شعبوں میں چلی جاتی ہیں جبکہ بعض کنٹینٹ رائٹنگ یا سرکاری ملازمتوں کو ترجیح دیتی ہیں۔
تربیت کے مواقع ہیں مگر معاوضہ نہیں
صحافت میں عملی تجربہ حاصل کرنے کے لیے انٹرن شپ اہم سمجھی جاتی ہے لیکن آزاد کشمیر میں طالبات کو اس حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
نوشین منہاس کے مطابق خطے میں بڑے ٹی وی چینلز کے مرکزی دفاتر موجود نہیں اور زیادہ تر کام بیورو کی سطح پر ہوتا ہے۔ اس وجہ سے طالبات کے لیے تربیت اور ملازمت کے مواقع محدود رہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انٹرن شپ کے مواقع موجود ہیں لیکن اکثر یہ غیر منظم ہوتے ہیں اور ان کے لیے معاوضہ بھی نہیں دیا جاتا۔ ایسی صورت حال میں ان طالبات کے لیے عملی تربیت حاصل کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے جو اپنے اخراجات خود برداشت کرتی ہیں یا گھر سے دور رہتی ہیں۔
نوشین منہاس کے مطابق کم تنخواہیں اور ملازمت کا عدم تحفظ بھی خواتین کے لیے صحافت کو مستقل پیشہ بنانے میں مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
نصاب کے ساتھ عملی تربیت بھی ضروری
نوشین منہاس کے مطابق جامعہ میں صحافت کی تعلیم کے دوران نظریاتی مضامین کے ساتھ عملی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ سیمینارز اور میڈیا وزٹس کے علاوہ ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے تاکہ طالبات کو پیشہ ورانہ ضروریات سے آگاہ کیا جا سکے۔
تاہم ان کے مطابق طالبات کو عملی صحافت میں آگے بڑھانے کے لیے جامعات اور میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
وہ تجویز کرتی ہیں کہ جامعات میڈیا ہاؤسز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے ذریعے طالبات کے لیے بامعاوضہ انٹرن شپ کا انتظام کریں۔ اس تربیت میں ڈیسک پر کام کرنے کے مواقع بھی شامل ہونے چاہییں تاکہ طالبات فیلڈ رپورٹنگ کے علاوہ نیوز روم کے دوسرے کام بھی سیکھ سکیں۔
نوشین منہاس کے مطابق جامعہ میں انکیوبیشن سیل قائم کرکے طالبات کو اپنے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز شروع کرنے کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔
صحافت میں خواتین کی شمولیت کیسے بڑھائی جا سکتی ہے؟
آزاد کشمیر میں صحافت کی تعلیم حاصل کرنے والی خواتین کے لیے عملی میدان میں جگہ بنانا اب بھی ایک چیلنج ہے۔ مریم اعوان کی کہانی آن لائن کردار کشی اور دھمکیوں کے اثرات سامنے لاتی ہے جبکہ جنت حیا کا تجربہ ملازمتوں کی کمی اور پیشہ ورانہ ماحول کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔
دوسری جانب جامعات سے فارغ التحصیل طالبات کی محدود تعداد کا عملی صحافت سے وابستہ ہونا ظاہر کرتا ہے کہ صرف ڈگری دینا کافی نہیں۔ بامعاوضہ انٹرن شپ، مناسب تنخواہیں، ملازمت کا تحفظ اور ہراسانی سے نمٹنے کے لیے مؤثر نظام بھی ضروری ہیں۔
حکومت، جامعات، میڈیا اداروں اور پریس کلبوں کو مل کر خواتین کے لیے ایسا پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام کر سکیں اور بلاخوف صحافت جاری رکھ سکیں۔
#abadpakistan




